Friday, April 19, 2024

لیاقت قائم خانی تحقیقاتی اداروں کو چکما دینے میں کامیاب، دوسرا لاکر خالی نکلا

لیاقت قائم خانی تحقیقاتی اداروں کو چکما دینے میں کامیاب، دوسرا لاکر خالی نکلا
September 25, 2019
 کراچی (92 نیوز) مالی سے مالامال ہونے والے لیاقت قائم خانی تحقیقاتی اداروں کو چکما دینے میں کامیاب ہو گئے۔ ملزم کے گھر پر موجود دوسرا لاکر خالی نکلا۔ سات گھنٹوں بعد لاکر کھلا تو چند فائلوں کے سوا کچھ ہاتھ نہ آیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کے اہلخانہ تجوری سے قیمتی سامان اور مال محفوظ مقام پر منتقل کر چکے تھے۔ ادھر گھر سے اہم دستاویزات کی برآمدگی پر چھ فرنٹ مینوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دینے کے ساتھ نیب نے پارکس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔ اکتیس پارکس میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی۔ نیب ذرائع کے مطابق پارکس کی زمین پر قبضہ کے باوجود فنڈز فراہم کیا جاتا رہا۔ تین ٹھیکیداروں کو نوازا گیا جبکہ قریبی ساتھیوں نے کمپنیاں بھی بنا رکھی ہیں۔ دوسری جانب لیاقت قائم خانی نے پانچ سال میں اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی نہ ہی آمدن کے ذرائع ظاہر کئے۔ سابق ڈی جی پارکس کے دو بینک اکاونٹس سے بڑی ٹرانزیکشن بھی ہوئیں جبکہ ایف بی آر نے ایک سال میں اسکول فیس کی مد میں چار لاکھ چوالیس ہزار ادائیگی پر نوٹس بھی ارسال کیا تھا۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ سابق ڈی جی پارکس کا انوکھا کارنامہ بھی سامنے آیا ہے۔ گھر کے سامنے بیس فٹ چوڑی سرکاری سڑک کو سرونٹ کوارٹر بنا لیا جبکہ دو ہیوی جنریٹر، گاڑیوں کی پارکنگ اور واشنگ کا جدید نظام بھی نصب کر دیا۔