Friday, April 19, 2024

لیاقت قائم خانی اور حسین لوائی کی درخواست ضمانت مسترد

لیاقت قائم خانی اور حسین لوائی کی درخواست ضمانت مسترد
April 20, 2020

اسلام آباد (92 نیوز)جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے دو اہم کرداروں کوریلیف نہ مل سکا ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے لیاقت قائم خانی  اور حسین لوائی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں  ، ملزم طحہٰ رضا کو دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا پروانہ مل گیا۔

منی لانڈرنگ کے مرکزی ملزم حسین لوائی اور سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی  کی درخواست ضمانت مسترد کر دی گئی ، حسین لوائی کے شریک ملزم طحہٰ رضا کی ضمانت بعدازگرفتاری منظور کر لی گئی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز نے ملزمان کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ، عدالت نے قرار دیا کہ لیاقت قائم خانی  اور حسین لوائی ریلیف کے مستحق نہیں ، عدالت نے ملزم طحہٰ رضا کی دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر درخواست ضمانت منظور کرلی۔

حسین لوائی اپنے ماتحتوں سے جعلی اکاؤنٹس کھلوانے پر منی لانڈنرگ ریفرنس میں مرکزی ملزم نامزد ہیں ، لیاقت قائم خانی  پر باغ ابن قاسم کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے ۔ نیب نے لیاقت قائم خانی  کے گھر سے بھاری خزانہ اور قیمتی گاڑی برآمد کی تھیں۔