Monday, May 20, 2024

لیاری کھڈا مارکیٹ میں پانی کی قلت پر علاقہ مکینوں کا احتجاج

لیاری کھڈا مارکیٹ میں پانی کی قلت پر علاقہ مکینوں کا احتجاج
May 29, 2019
کراچی ( 92 نیوز)  کراچی کے علاقہ لیاری کھڈا مارکیٹ میں پانی کی قلت پر علاقہ مکینوں نے بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آئی سی آئی چوک پر احتجاجی دھرنا دیکر ٹریفک  کا نظام درہم برہم کر دیا،  پولیس اور مظاہرین کے درمیان تین گھنٹے بعد کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کیا گیا ۔ لیاری کھڈا مارکیٹ میں پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں کا صبر جواب دے گیا اور وہ سراپا احتجاج بنتے ہوئے سڑکوں پر آگئے اور انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی ۔ پانی کی فریاد کرتے علاقہ مکینوں نے آئی سی آئی چوک پر احتجاج کیا، اور سڑک ٹریفک کیلئے بند کردی  ، خواتین بھی گھروں سے نکل آئیں، ہاتھوں میں ڈنڈے اور پانی کے خالی گیلن اٹھائے سڑک پر بیٹھ گئیں ۔ احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگئی ، پبلک ٹرانسپورٹ سمیت  سینکڑوں کنٹینرز کا پہیہ بھی جام ہوگیا  جبکہ ایمبولینس میں مریضوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے احتجاج سے عوام کو خوب پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ بعد ازاں پولیس سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا اور مظاہرین پُرامن طریقے سے منتشر ہوگئے ۔