Sunday, September 8, 2024

لی سے ڈول نے دنیا کی مشکل ترین گیم میں بالآخر کمپیوٹر کو دھول چٹا دی

لی سے ڈول نے دنیا کی مشکل ترین گیم میں بالآخر کمپیوٹر کو دھول چٹا دی
March 14, 2016
سیول (ویب ڈیسک) ”گو“ نامی کھیل کے ماہر کھلاڑی لی سے ڈول نے گوگل کے کمپیوٹر پروگرام سے لگاتار تین مقابلے ہارنے کے بعد پہلی مرتبہ جیت کا مزہ چکھ لیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں انسان اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے درمیان پانچ میچوں کی اس تاریخی جنگ میں دنیا بھر میں دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت بمقابلہ انسانی ذہانت کے مابین اس مقابلے میں گوگل کے تیارکردہ کمپیوٹر نے دنیا کی مشکل ترین گیم ”گو“ کے ماہر کھلاڑی لی سے ڈول کو پانچ میں سے ابتدائی تین مقابلوں میں شکست سے دوچار کیا تھا۔ چوتھے مقابلے میں اپنی جیت پر لی سے ڈول کا کہنا تھا کہ ”الفا گو“ کے خلاف کامیابی حاصل کرنا میرے لیے ایک انمول چیز ہے۔ مقابلے کے مبصر مائیکل ریڈمنڈ کا کہنا ہے کہ الفاگو میچ کے درمیانی حصے تک اچھا کھیل پیش کر رہا تھا لیکن 78ویں چال میں لی سے ڈول نے عمدہ کھیلا۔ ان مقابلوں کے سلسلے کا پانچواں میچ کل (منگل کو) کھیلا جائے گا۔ گوگل کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ الفا گو کی شکست ہمارے لیے کافی اہم ہے کیونکہ اس سے ایک مسئلے کی شناخت ہوئی ہے جسے ہم ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔