Thursday, April 25, 2024

لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے کامیڈین امان اللہ انتقال کر گئے

لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے کامیڈین امان اللہ انتقال کر گئے
March 6, 2020

 لاہور (92 نیوز) لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے کامیڈین امان اللہ انتقال کر گئے۔ امان اللہ لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انکی عمر 70 سال تھی۔

معروف کامیڈین و اداکار امان اللہ  کی طبیعت بِگڑ گئی تھی جس پر انہیں مقامی نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ بھی امان اللہ خان کو طبیعت خراب ہونے پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا۔

اہلخانہ کے مطابق امان اللہ کو پھیپھڑوں اور سانس میں تکلیف کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہیں ڈاکٹروں نے وینٹی لیٹر پر رکھا تھا۔

امان اللہ خان سٹیج، ٹی وی اور فلموں کا بڑا نام ہیں۔ انہیں 2018 میں صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

انہوں نے کیرئیر کے دوران سینکڑوں ون مین شوز میں پر فارم کیا۔ بھارتی ٹی وی کے کامیڈی شوز میں بھی خود کو منوایا۔ امان اللہ خان کو کنگ آف کامیڈی کہا جاتا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انکے کروڑوں مداح سوگوار ہیں۔

امان اللہ نے پاکستانی تھیٹر کو نئی جہت سے روشناس کرایا۔ امان اللہ اور مستانہ کی جوڑی نے اسٹیج ڈراموں میں دھوم مچائی۔

امان اللہ نے تقریباً چار دہائیوں پر مشتمل کیرئیر میں سینکڑوں اسٹیج ڈراموں میں کام کیا۔