Monday, May 13, 2024

لوگوں کو عمران خان کی حقیقت پتہ چل چکی، مفتاح اسماعیل

لوگوں کو عمران خان کی حقیقت پتہ چل چکی، مفتاح اسماعیل
November 22, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) رہنماء ن لیگ مفتاح اسماعیل نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو عمران خان کی حقیقت پتا چل چکی۔ آپ بحث نہ کریں، عوام کو گیس دیں، قیمتیں نہ بڑھائیں اور ایل این جی ٹرمینل لگائیں۔

سوموار کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا پارلیمنٹ کا اختیار ختم کردیا گیا ہے، ایک بل آئے گا اور سیل ٹیکس بڑھا دیا جائے گا، تیل اور گھی پر ہم 22 روپے لیتے تھے یہ ڈبل لے رہے ہیں اور الزامات سابق حکومتوں پر لگا دیتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ شرح سود بڑھانے سے حکومت کا خرچہ بڑھ گیا ہے، ملک میں مہنگائی بھی بڑھتی جارہی ہے، شرح سود صنعت کے گلے میں پھندہ ہے۔ مزید کہا کہ حکومت ایمنسٹی کے تحت منظور نظر لوگوں کو نواز رہی ہے، لوگوں کو حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد نہیں۔

لیگی رہنماء بولے کہ دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی لانے سے بجلی کی قیمت بڑھ گئی۔ اس سال بھی بیرونی سرمایہ کاری کم ہوگئی، پاکستان دنیا کی سستی ترین مارکیٹ ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا تاریخ کی تیز ترین مہنگائی اس وقت پاکستان میں ہے، 51 بنیادی چیزیں مہنگی ہوئی ہیں۔ ایل پی جی کی قیمت میں 70 فیصد جبکہ بجلی کی قیمتوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا۔