Tuesday, April 23, 2024

لوگوں کا جذبہ بتارہاہے کہ انہوں نے 2013کے الیکشن میں غلطی کی : نواز شریف

لوگوں کا جذبہ بتارہاہے کہ انہوں نے 2013کے الیکشن میں غلطی کی : نواز شریف
May 20, 2016
  مینگورہ(92نیوز)وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ لوگوں کا جذبہ بتارہا ہے کہ انہوں نے 2013میں مخصوص پارٹی کو ووٹ دے کر غلطی کی ہے ۔آج تو مینگورہ چمک رہا ہے اور میں انوکھا مینگورہ دیکھ رہا ہوں۔ تفصیلات کےمطابق مینگورہ میں  جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پہلے بھی آیا ہوں اور آج کا جوش دیکھ کر دل کہتاہے کہ جیومینگورہ ،خوش رہو۔ انہوں نےجلسے کے شرکا سے مخاطب ہوکر کہا کہ جس تبدیلی کا آپ لوگ خواب دیکھ رہے تھے وہ تبدیلی تو نہیں آئی لیکن ہم وہ تبدیلی اب لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں آپ کسی جھانسے میں نہ آتے تو تبدیلی آچکی ہوتی لیکن آپ کیلئے سودا مہنگا رہا ،سیکھنے میں کچھ سال لگ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ میں تبدیلی دیکھنے کی کوشش کررہا تھا  جو کہیں نظر نہیں آئی  وہی ٹوٹے سکول وہی پرانا ہسپتال کیا یہی تبدیلی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ وہ سڑکیں بناتے ہیں لیکن میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ بھائی سڑکیں ہونگی تو تم لوگ آجاسکو گے۔انہوں نے کہا کہ میں تو کڈنی اسپتال کا افتتاح کرنے آیا تھا لیکن اب یہاں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کرونگا ۔ انہوں نے کہا کہ کڈنی ہسپتال پنجاب کی جانب سے کے پی کے کو تحفہ ہے اور میں شہباز شریف اور اسحاق ڈار کومبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے اپنی ذاتی نگرانی میں اسپتال مکمل کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ میں مینگورہ میں خواتین کیلئے یونیورسٹی کے سب کیمپس جبکہ نوجوانوں کیلئے ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے قیام کا اعلان کرتا ہوں جبکہ تیس کروڑ کی لاگت سے گریڈ سٹیشن بھی بنے گا ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ سیدو شریف ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال کرینگے جبکہ چک درا سے کالام تک 133کلومیٹر سڑک کو ایکسپریس وے بنایا جائے گا جبکہ سی پیک بشام سے اس علاقے کو ملائے گا ۔وزیرا عظم نے مزید کہا کہ سوات خوش ہوتا ہے تو میں خوش ہوتا ہوں میں سوات شانگلہ کونسل کیلئے20کروڑ کا اعلان کرتا ہوں اور ساتھ ہی شانگلہ کیلئے یونیورسٹی کیمپس کا اعلان کرتا ہوں۔