Sunday, September 8, 2024

لوگ تحریک انصاف کے نظریات اور پالیسی دیکھ کر جماعت کا حصہ بن رہے ہیں: شاہ محمود قریشی، چودھری سرور

لوگ تحریک انصاف کے نظریات اور پالیسی دیکھ کر جماعت کا حصہ بن رہے ہیں: شاہ محمود قریشی، چودھری سرور
August 21, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) تحریک انصاف نے ق لیگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کسی سیاسی رہنما کو زبردستی پارٹی میں نہیں لائی۔ پارٹی کے نظریات اور پالیسی کو دیکھ کر لوگ جماعت کا حصہ بن رہے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف پر اپوزیشن اتحاد میں پھوٹ ڈالنے کا الزام لگایا اور اپنے راستے ان سے الگ کر لئے ہیں، اس پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کسی کو زبردستی پارٹی میں نہیں لا رہی۔ پارٹی کے منشور اور نظریئے کے پیش نظر لوگ پارٹی میں آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کبھی کسی کو پارٹی میں آنے پر مجبور نہیں کیا۔ سیاستدان پارٹی کے نظریے اور پالیسی کو دیکھ کر پارٹی کا حصہ بن رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ صوبے میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات ناگزیر ہیں تو پھر بلدیاتی الیکشن تین، تین ڈویژنوں میں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن بائیومیٹرک سسٹم کے تحت اور رینجرز کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ چودھری سرور کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی بھرپور کامیابی کیلئے ‘‘ڈور ٹوڈور’’ انتخابی مہم چلائی جائے گی۔