Friday, April 19, 2024

لوڈ شیڈنگ کا عفریت پانچ سال بعد پھر لوٹ آیا ، شہباز شریف

لوڈ شیڈنگ کا عفریت پانچ سال بعد پھر لوٹ آیا ، شہباز شریف
July 3, 2021

لاہور (92 نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے لوڈ شیڈنگ کا عفریت پانچ سال بعد پھر لوٹ آیا۔ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک میں جاری لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر شہباز شریف بھی میدان میں آ گئے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے پانچ سال محنت کی لیکن موجودہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔ تحریک انصاف کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ آج عوام شدید مشکلات اور مصائب کا شکار ہے۔ ان لوگوں نے فرنس اور ڈیزل پر مہنگی بجلی بنا کر عوام پر ظلم کیا۔ مختصر مدت کیلئے دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی۔ آج قوم کے کام آنے والے ایل پی جی ٹرمینلز ہمارے دور میں لگائے گئے ۔ ترسیل کی واحد پائپ لائن بھی ہم نے بنائی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی ترسیل اور لائنوں کی تنصیب کے بارے میں بھی موجودہ حکومت نے غلط بیانی کی۔ ان کے مسلم لیگ (ن) پر مہنگے پلانٹ لگانے کے دعوے بھی جھوٹ اور بے بنیاد ثابت ہوئے۔ ہم نے ایل این جی سے چلنے والے تین پاور پلانٹس میں 200 ارب روپے سے زائد کی بچت کی۔ 2019 میں 2300 میگاواٹ اور2020 میں اسی نظام سے 25000 میگاواٹ بجلی کی ترسیل ہوئی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کورونا بحران کے دوران تاریخ کی سستی ترین ایل این جی مل رہی تھی لیکن موجودہ حکومت نے یہ موقع ضائع کر دیا۔ اسی ایل این جی کو آج پی ٹی آئی حکومت تین گنا زیادہ قیمت ادا کرکے خرید رہی ہے۔