Thursday, April 25, 2024

لورالائی میں پاک فوج نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

لورالائی میں پاک فوج نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
January 2, 2019
لورالائی (92 نیوز) ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی کے رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں کی جانب  سے حملہ ناکام ہو گیا۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت  کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں دہشت گردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر میں رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر حملے کی کوشش کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  دہشت گردوں کو داخلی چیک پوائنٹ پر ہی روک لیا گیا اور اس ناکامی پر دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ سے ملحقہ کمپائنڈ میں داخل ہو گئے جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر محاصرہ کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کو رہائشی علاقے میں داخل ہونے سے روکا جس سے مزید جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جس میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خود کو اڑانے والا ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں چار اہلکاروں صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب  نے جام شہادت نوش کیا جب کہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔