Thursday, May 2, 2024

لودھراں : صدیق بلوچ اور جہانگیر ترین کے مابین کانٹے کا مقابلہ جاری

لودھراں : صدیق بلوچ اور جہانگیر ترین کے مابین کانٹے کا مقابلہ جاری
December 23, 2015
لودھراں (92نیوز) لودھراں کا تاج کس کے سر ہو گا۔ فیصلے کی گھڑی آن پہنچی۔ این اے ایک سو چوون کے ضمنی الیکشن کے لیے انتخابی دنگل سج گیا۔ صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق این اے 154 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں صدیق بلوچ اور جہانگیر ترین لودھراں میں آمنے سامنے ہیں۔ حلقہ میں کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ لودھراں کے ضمنی انتخاب کے لئے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 19 ہزار 183 ہے جس کے لئے 303 پولنگ اسٹیشنز اور 1400 پولنگ بوتھزقائم کئے گئے ہیں۔ این اے 154 کے ضمنی انتخاب کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ حلقے میں پنجاب پولیس کے 3 ہزار 500 اہلکارجبکہ پاک فوج کے 2000 جوان تعینات کئے گئے ہیں۔ حلقے میں 47 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ 6 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخاب کا میدان مارنے کے لئے مسلم لیگ نون کے صدیق بلوچ اور تحریک انصاف کے جہانگیر ترین سمیت 20 امیدوار میدان میں ہیں تاہم صدیق بلوچ اور جہانگیر ترین کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ دونوں جماعتوں کے کارکن اس حوالے سے خاصے پرجوش ہیں اور اپنے امیدواروں کی کامیابی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔