Thursday, April 18, 2024

لواری ٹنل ،شدید سردی کے باعث 2 سال کا بچہ جاں بحق

لواری ٹنل ،شدید سردی کے باعث 2 سال کا بچہ جاں بحق
January 14, 2017
پشاور(92نیوز)شدید برف باری کے باعث بند ہونے والی لواری ٹنل کو ریسکیو کارروائیاں کرکے کھول دیا گیا۔۔ٹنل کی دیرکی جانب سیکڑوں گاڑیاں تاحال پھنسی ہوئی ہیں ۔ پھنسی گاڑیوں میں دو سالہ مسافر بچہ شدید سردی کے باعث جاں بحق ہوگیا ،راستہ بند ہونے پردروش میں مسافروں نے احتجاج بھی کیا تفصیلات کےمطابق لواری ٹنل جمعہ کے روز کھلنے کے باوجود شدید برف باری کے باعث لوگوں کےلئے مشکلات کا باعث بنی رہی۔ مسلسل چوبیس گھنٹے تک ٹریفک بلاک رہنے سے اسروم چترال کا رہائشی دو سالہ بچہ ریحان اللہ سردی کے باعث جاں بحق ہوگیاجبکہ راستہ بند ہونے کے باعث چترال کے علاقہ دروش میں مسافروں نے احتجاج کیا۔ لواری ٹنل کے آس پاس چھ سے سات فٹ تک برف پڑچکی ہے جبکہ درجہ حرارت نکتہ انجماد سے گرچکا ہے۔  مسافروں کے پاس کھانے پینے کی اشیاء ختم ہونے کے باعث انہیں شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ جمعہ کے روز ٹنل کھولی گئی تو زیادہ ٹریفک اور بڑی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک مکمل طورپر جام ہوگئی جبکہ انتظامیہ مکمل خاموش تماشائی بنی رہی۔ ٹنل کو ریسکیوکارروائیوں کے بعد کھول دیا گیا تاہم دیر کی طرف بڑی تعداد میں گاڑیاں اب تک موجود ہیں۔ این ایچ اے نے لوگوں کی مشکلات کے پیش نظر لواری ٹنل کو اب ہفتے میں دو دن یعنی جمعہ اور منگل کو بھی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔