Thursday, April 18, 2024

لنڈا پھاٹک پتوکی پر کار ٹرین کی زد میں آگئی ، حادثے میں چار افراد جاں بحق

لنڈا پھاٹک پتوکی پر کار ٹرین کی زد میں آگئی ، حادثے میں چار افراد جاں بحق
May 26, 2020
 قصور (92 نیوز) لنڈا پھاٹک پتوکی پر کار ٹرین کی زد میں آگئی۔ حادثے میں دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ پتوکی میں ریلوے لائن پر کھلا پھاٹک دو نوبیاہت اسگے بھائیوں کی دلہنوں سمیت موت کاسامان کر گیا۔ لنڈا بازار پھاٹک پتوکی میں کھلے پھاٹک پر کار خیبر میل کی زد میں آگئی۔ ٹرین ٹکر سے کار کے پرخچے اُڑ گئے اور اس میں سوار چار افراد موقع پر جاں بحق، دو زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چک گہلن کے رہائشی دو سگے بھائیوں سرفراز اور حماد اور ان کی دلہنیں شامل ہیں۔ دونوں جوڑے مارچ میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثہ گیٹ مین کی غفلت کے باعث پیش آیا جس نے ٹرین پتوکی اسٹیشن پر 15 منٹ رکنے کے باوجود پھاٹک بند نہ کیا۔ بدقسمت دونوں بھائیوں کی گاڑی کو خیبر میل کئی کلومیٹر دور تک گھسیٹ کر دور لے گئی۔ لنڈا پھاٹک پر حادثات معمول کی بات ہے مگر ریلوےاحکام نے تاحال اس کا نوٹس نہیں لیا ۔ حادثے کے دو زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال پتوکی منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان  نے پھاٹک پر ٹرین اور کار کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔