Sunday, September 8, 2024

لندن : پی آئی اے نے منافع کمانا شروع کر دیا ہے : چیف ایگزیکٹو آفیسر

لندن : پی آئی اے نے منافع کمانا شروع کر دیا ہے : چیف ایگزیکٹو آفیسر
July 12, 2016
لندن (92نیوز) پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنرڈ ہلڈن برانڈ کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے نے منافع کمانا شروع کر دیا ہے۔ پی آئی اے رواں برس مارچ اور اپریل کے مہینوں میں آپریشنل منافع میں رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے حال ہی میں تعینات ہونے والے جرمن نژاد سی ای او برنرڈ ہلڈن برانڈ نے لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے سوال پرکہا کہ فی الحال ایسا نہیں ہو رہا ہے تاہم مستقبل میں نجکاری کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ پی آئی اے کے سی ای او ان دنوں برطانیہ کے شہر فانبرا میں منعقد ہونے والے ایئر شو میں شرکت کے لیے برطانیہ آئے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ برطانیہ کے روٹ پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے وہ ایک بین الاقوامی ایئر لائن سے تین جدید ترین طیارے لیز پر لینے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ پی آئی اے کے سی ای او کے مطابق ائیرلائن کے پاس اس وقت صرف 38 جہاز ہیں اور موجودہ طیاروں کی بہتری کے ساتھ نئے طیارے خریدنا بھی بہت ضروری ہے۔