Wednesday, May 8, 2024

لندن ٹاور برج اللہ اکبرکی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھا

لندن ٹاور برج اللہ اکبرکی روح پرور صداؤں سے گونج اٹھا
May 9, 2021

لندن (92 نیوز) جمعتہ الوداع کے موقع پر لندن ٹاور برج اللہ اکبرکی روح پرور صداوں سے گونج اٹھا، یہ سعادت برطانوی نژاد بنگلہ دیشی مسلمان قاضی شفیق الرحمان نے حاصل کی جو پچھلے سال کینری وارف میں بھی تکبیربلند کرچکے ہیں۔

لندن برج ٹاور پر ہونے والی اذان کی اس پُرکیف آواز نے جمعتہ الوداع اور افطاری کے پُرکیف لمحات کو روح پرور بنا دیا۔

اذان فضا میں گونجی تو پل سے گزرنے والے شہری رکتے چلے گئے۔ پُرکیف آواز نے متاثر کیا تو کئی شہریوں نے ویڈیو بنانا شروع کردی۔
لندن برج ٹاور پر اذان کی سعادت حاصل کرنے والے بنگلہ دیشی نژاد برطانوی شہری ہیں جن کا نام قاضی شفیق الرحمان ہے، یہ اذان ایسٹ لندن مسجد اور مسلم سنٹر کی جانب سے دی گئی افطاری کا حصہ ہے، قاضی شفیق الرحمان دو دہائیوں سے مختلف مساجد اور تقاریب میں اذان دیتے آرہے ہیں، وہ حرم شریف کے موذن شیخ علی ملا کی طرز پر اذان دیتے ہیں جوماحول پرکیف طاری کردیتی ہے۔

قاضی شفیق الرحمان نے پچھلے سال کینری وارف میں بھی اذان دی تھی اور سننے والوں کو مسحور کردیا تھا۔

قاضی شفیق الرحمان کی خواہش ہے کہ وہ ابوظہبی کی شیخ زید گرینڈ مسجد میں بھی اذان کی سعادت حاصل کریں ان کا کہنا ہے نہ صر ف مسلمان بلکہ غیرمسلم بھی ان کی آواز سن کر متاثر ہوجاتے ہیں اور ان کے سوشل میڈیا پیجز پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔