Friday, March 29, 2024

ورلڈ ٹریول مارکیٹ کی تین روزہ سالانہ نمائش اختتام پذیر

ورلڈ ٹریول مارکیٹ کی تین روزہ سالانہ نمائش اختتام پذیر
November 7, 2019
لندن  ( 92 نیوز) دنیا کی سب سے بڑی ورلڈ ٹریول مارکیٹ کی تین روزہ چالیسویں سالانہ نمائش لندن کے معروف ایکسل ایرینا میں اختتام پذیر ہو گئی ، پاکستان سمیت 200 ممالک کے نمائندوں نے اپنے اپنے ممالک کی ثقافت پر تبادلہ خیال کیا۔ دلکش وادیاں ہوں،خوب صورت پہاڑ،ریگستانوں کی سیرہویاپھرسمندری موج مستیاں ، دنیا بھر کی سیر کرنے کیلئے سجایا گیا لندن میں تین روزہ عالمی میلہ جس میں آسٹریلیا سے لیکر ایشیا مڈل ایسٹ، یورپ اور امریکہ تک ہرکسی نےاپنےملک کی خوبصورتی کےخوب گن گائے۔ مقابلہ ایسا کہ ہرکسی نے اپنے کلچر ، ثقافت اور تہذیب کو دنیا کے سامنے جدید انداز میں متعارف کرایا  ، مختلف ممالک کی حسینائیں اپنے روائتی لباس اور کلچر کو متعارف کراتیں نظر آئیں ۔ دنیا کے دوسو سے زائد ممالک کے نمائندے اس نمائش میں اپنے اپنے ممالک کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سٹالز لگاتے ہیں تو دوسری طرف سیرو تفریح کے شوقین لوگ بھی ہزاروں کی تعداد میں دنیا کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کرتے ہیں ۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کا پویلین بھی اس نمائش میں موجود تھا جس کاافتتاحی فیتا توبڑےچاؤ سے ہائی کمشنر نفیس زکریا، وزیراعلی گلگت بلتستان اورصوبائی وزیر کے پی کے عاطف خان نے کاٹا مگر پاکستان ٹور ازم ڈیپارٹمنٹ کارپوریشن کی مناسب سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان اپنے حسین قدرتی مناظر دنیا کے سامنے پیش کرنے سے قاصر رہا ۔ صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں پاکستان پویلین بھی قائم کیا ہے۔ عنقریب پاکستان میں ٹورازم پولیس بھی بنائیں گے۔ ٹورازم پولیس سیاحوں کے دوست کی طرح کام کرے گی۔ پاکستان کے گلگت بلتستان اور بلوچستان کے حسین و جمیل علاقوں کے بارے میں لوگ معلومات لیتے بھی نظر آئے اور پاکستان میں امن و امان کی صورت حال پر مطمئن دکھائی دئیے ۔ دنیا کے کئی ممالک نے اپنی ائر لائنز اور روائتی کھانے بھی متعارف کرائے ۔