Thursday, April 25, 2024

لندن واقعہ: پی آئی اے نے ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے پانچوں ملازمین کو ملازمت سے نکال دیا

لندن واقعہ: پی آئی اے نے ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے پانچوں ملازمین کو ملازمت سے نکال دیا
June 10, 2015
لاہور (92نیوز) لندن میں پی آئی اے کے عملے سے بیس ہزار پاونڈز اورسات موبائل فون برآمد ہونے پر قومی ایئر لائنز نے پانچوں ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لندن میں سکاٹ لینڈ یارڈ نے پی آئی اے کے عملے سے پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کے مطابق عملے کے پانچ اراکین سے مجموطی طور پر بیس ہزار پاونڈز اور سات غیرقانونی موبائل فونز برآمد کیے گئے تھے۔ ملازمین میں سعدیہ سنبل بٹ، محمد احمد خان، اویس احمد قریشی، توصیف اشرف اور فریحہ مختار شامل ہیں۔ قومی ایئر لائن نے ملکی بدنامی کا باعث بننے والے پانچوں ملازمین کو ملازمت سے برطرف کردیا۔ ذرائع پی آئی اے کے مطابق ان پانچوں ملازمین کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ دوسری طرف پی آئی اے کے عملے سے برآمد کی گئی کرنسی اور موبائل فون برطانوی کسٹم حکام نے ضبط کر لئے اور پھر انہیں چوبیس گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد ملک بدر کر دیا گیا۔ کسٹمز حکام نے پی آئی اے کی کیٹیگری گرین سے اورنج کر دی ہے۔ برطانوی کسٹم حکام نے پی آئی اے کو متنبہ بھی کیا ہے کہ مستقبل میں عملے کو غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے نہ روکا گیا توکیٹیگری ریڈ کردی جائے گی۔