Thursday, April 25, 2024

لندن واقعہ: قوانین کی خلاف ورزی پر پی آئی اے پر بھاری جرمانہ عائد ہونے کا امکان

لندن واقعہ: قوانین کی خلاف ورزی پر پی آئی اے پر بھاری جرمانہ عائد ہونے کا امکان
June 9, 2015
لندن (92نیوز) پی آئی اے نے لندن میں پرواز پی کے سیون ایٹ ایٹ کے عملے سے غیرقانونی رقم برآمدگی کے معاملہ کی تحقیقات کےلئے تین رکنی کمیٹی بنا دی ہے جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر پی آئی اے پر کروڑوں روپے کا بھاری جرمانے عائد کیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی ادارے یوکے بارڈر ایجنسی نے کراچی سے لندن پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز کو اس وقت پاکستان واپس جانے سے روک دیا جب جہاز کے عملے سے غیر قانونی رقم برآمد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق غیر قانونی رقم کی برآمدگی کے بعد بارڈر ایجنسی نے پی آئی اے کے عملے کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن اور پی آئی اے کی انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد عملے کو تو چھوڑ دیا گیا لیکن برآمد کی گئی تمام رقم ضبط کر لی اور پی آئی اے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی پر پی آئی اے کوکروڑوں روپے کا بھاری جرمانے عائد کیا جا سکتا ہے۔ ہائی کمیشن کی مداخلت پر پی کے 788 کو پاکستان اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی جو کراچی پہنچی۔ پی آئی اے نے لندن واقعہ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم ڈی پی آئی اے شاہنواز رحمن کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے جو کل سے تحیققات شروع کر دے گی۔ کمیٹی نے پی کے 788 کے عملے کو بھی طلب کر لیا ہے تاہم پی آئی اے کے ترجمان نے اس تمام واقعہ کی تردید کی ہے۔