Thursday, April 18, 2024

لندن: نومنتخب مسلمان میئر صادق خان کی امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن آنے کی دعوت

لندن: نومنتخب مسلمان میئر صادق خان کی امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن آنے کی دعوت
May 18, 2016
لندن (نائنٹی ٹو نیوز) لندن کے نومنتخب مسلمان میئر صادق خان نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن آنے کی دعوت دے دی۔ مسلمانوں سے متعلق متنازعہ بیانات پر صادق خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گذشتہ کئی روز سے لفظی جنگ جاری ہے۔ برطانوی ٹی وی چینل کے مورننگ شو میں انٹرویو کے دوران نومنتخب مسلمان میئر صادق خان نے ایک مرتبہ پھر ڈونلڈ ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کی پالیسی انتہائی خطرناک اور غیرمنطقی ہے اور اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی قسم کے بیانات دینے کا سلسلہ جاری رکھا تو نومبر میں ہونے والے انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ صادق خان نے ٹرمپ کو دعوت دی کہ وہ لندن آئیں اور ان کی فیملی، دوستوں، محلہ داروں اوردیگرمسلمانوں سے ملیں۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ اگر مسلمانوں نے ٹرمپ کا ذہن تبدیل کر دیا تو انہیں خوشی ہو گی۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا کہ ان کے بیانات سے تہذیبوں کے تصادم کا خطرہ ہے جو تباہ کن ہو سکتا ہے۔ لندن کے نومنتخب مئیر نے سوال اٹھایا کہ مغرب کی جانب سے اسلام کے خلاف اس قسم کے بیانات دے کر کیا ٹرمپ داعش کی نوکری کر رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں پارٹی الیکشن کے دوران کہا تھا کہ اگر وہ امریکا کے صدر بن گئے تو امریکہ میں مسلمانوں کا داخلہ بند کر دیں گے جس کے بعد لندن کے نومنتخب مسلمان میئر سمیت دنیا بھر میں ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔