Sunday, May 12, 2024

لندن میں مسلم لیگ کا مشاورتی اجلاس، مزاحمتی سیاست شروع کرنیکا فیصلہ

لندن میں مسلم لیگ کا مشاورتی اجلاس، مزاحمتی سیاست شروع کرنیکا فیصلہ
September 18, 2020
لندن (92 نیوز) مسلم لیگی قائد کو اشتہاری اور مفرور قرار دیئے جاتے ہی لندن میں سیاسی سرگرمیاں تیز کردیں، نوازشریف کا لندن میں اہم غیررسمی مشاورتی اجلاس، مسلم لیگ ن نے مزاحمتی سیاست شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ احتجاجی سیاست کا آغاز لندن سے کیا جائے گا، ن لیگ نے نیب کو ہدف تنقید بنانے اور نیب کے معطل جج ارشد ملک کی ایک اور ویڈیو جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اجلاس میں اسحاق ڈار، علی ڈار، حسن نواز اور برطانوی نشریاتی ادارے سے ریٹائرڈ پاکستانی صحافی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فونک گفتگو میں میاں نوازشریف نے لندن آنے کی دعوت دی۔ اے پی سی کے بعد اہم لیگی رہنماؤں کو میاں نواز شریف نے مشاورت کے لیے لندن طلب کر لیا ہے اور مشاورت کے بعد آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر غور کے لیے مسلم لیگی قائد نے اے پی سی کے رہنماوں کو بھی لندن آنے کی دعوت دے دی، تاہم تاریخ کے بارے میں حتمی طور پر فیصلہ نہیں ہو سکا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہارقراردئیے جانے کے بعد مسلم لیگ ن نے مزاحمتی سیاست شروع کرنے کی تیاریاں کرلیں ہیں اور امکان ہے کہ نواز شریف کو اگر مفرور قرار دیا گیا تو پھر احتجاجی سیاست کا آغاز لندن سے کیا جائے گا اور لندن میں لیگی رہنماء اہم پریس کانفرس کے ذریعے اس کا اعلان کریں گے۔