Friday, April 26, 2024

لندن میں سیاسی جماعت کے رہنما کے گھر سے ملنے والی اسلحے کی فہرست نائنٹی نیوز نے حاصل کر لی، اسلحے کی مالیت باسٹھ ہزار امریکی ڈالر

لندن میں سیاسی جماعت کے رہنما کے گھر سے ملنے والی اسلحے کی فہرست نائنٹی نیوز نے حاصل کر لی، اسلحے کی مالیت باسٹھ ہزار امریکی ڈالر
June 30, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) لندن میں ایک سیاسی جماعت کے رہنما کے گھر پر چھاپے کے دوران اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے تحویل میں لی گئی اسلحے کی مبینہ ڈیل کی فہرست نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی۔ لندن میں ایک سیاسی جماعت کے اہم رہنما کے گھر پر مارے گئے چھاپے کے دوران تحویل میں لی گئی بھارت سے اسلحے کی خریداری کی فہرست نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ فہرست کے مطابق بھارت سے پچاس اے کے 47 رائفلز، بارہ لاکھ پچاس ہزار بھارتی روپے میں خریدی گئیں جبکہ اے کے 47 کے پچاس ہزار راؤنڈز سات لاکھ بھارتی روپے خریدے گئے۔ فہرست میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلی اسکوپ نصب شدہ پانچ اسنائپر رائفلز چار لاکھ پینتیش ہزار بھارتی روپے میں اور پچاس دستی بم پینسٹھ ہزار روپے میں خریدے گئے۔ فہرست کے مطابق بیس ٹی ٹی پستول سولہ ہزار اور تیس کلو دھماکا خیز مواد چوراسی ہزار میں خریدے گئے۔ اس فہرست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت سے خریدے جانے والے بیس ڈیٹونیٹرز چوبیس ہزار بھارتی روپے، پچاس شیل ایک لاکھ بھارتی روپے اور پانچ مارٹر گولے چالیس ہزار کے تھے۔ فہرست میں پانچ پستولوں کے سائلنسرز کی قیمت مبینہ طور پر پچھتر ہزار بھارتی روپے درج ہے۔ اسلحہ خریداری کی اس ڈیل میں خریدار نے ادائیگی امریکی کرنسی یعنی ڈالر میں کرنا تھی۔ امریکی کرنسی میں اس اسلحے کی مالیت مجموعی طور پر باسٹھ ہزار آٹھ سو اڑتیس ڈالر لکھی ہوئی ہے جس میں سے ستائیس ہزار ڈالر کی ادائیگی جبکہ پینتیس ہزار آٹھ سو اڑتیس ڈالر بقایا جات کی مد میں دکھائے گئے ہیں۔