Tuesday, May 7, 2024

لندن میں دہشت گردی کے منصوبہ ساز مسلمان جوڑے کو عمرقید کی سزا

لندن میں دہشت گردی کے منصوبہ ساز مسلمان جوڑے کو عمرقید کی سزا
December 31, 2015
لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ میں عدالت نے لندن میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں مسلمان جوڑے کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ دونوں سات جولائی کو لندن بم دھماکوں کے دس سال مکمل ہونے پر دہشت گردی کی مزید کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر مسلمان جوڑا مجرم قرار پا گیا۔ 25 سالہ محمد رحمان نے لندن کی زیر زمین میٹرو اور ایک شاپنگ سینٹر کو نشانے بنانے کے بارے میں سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا تھا جبکہ اس کی بیوی ثنا احمد خان بھی معاون رہی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مجرموں کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جج نے محمد رحمان سے کہا کہ وہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جہاد کی کال پورا کرنے کے لیے پرعزم تھے۔ دونوں میاں بیوی 7 جولائی کو لندن بم دھماکوں کے دس سال مکمل ہونے پر دہشت گرد حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اس منصوبہ بندی میں شامل محمد رحمان کی اہلیہ ثنا احمد خان کا جرم یہ ہے کہ اس نے طاقتور بم بنانے کے لیے رقم اکٹھی کی۔ مجرموں نے دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ایک ویڈیو بھی بنائی۔ کاونٹر ٹیرر ازم یونٹ کے سربراہ نے عدالت کو بتایا کہ رحمان نے سوشل میڈیا پر انتہا پسند مواد شائع کیا اور بڑی کارروائی کا ارادہ رکھتا تھا۔ سزا سنائے جانے سے قبل ثنا نے جج کے نام لکھے خط میں کہا کہ اس نے کئی ماہ قبل محمد رحمان سے طلاق لے لی تھی تاہم جج نے بیان مسترد کر دیا۔