Tuesday, May 21, 2024

لندن میں حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد کے داخلے کی کوشش

لندن میں حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد کے داخلے کی کوشش
May 21, 2021

لندن (92 نیوز) لندن میں حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد نے داخلے کی کوشش کی، دفتر میں نواز شریف بھی موجود تھے۔ حسن نواز کو دفتر کی سیڑھیوں پر دھمکیاں دیں، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

لندن میں نامعلوم نقاب پوش افراد کی حسن نواز کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی، دفتر میں نوازشریف، عابد شیر علی، ناصر بٹ سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ ن نے دعویٰ کیا کہ نقاب پوش حملہ آوروں نے حسن نواز کو دفتر کی سیڑھیوں پر دھمکیاں دیں۔ دفتر میں موجود افراد نے نقاب پوشوں کو گھیر لیا، لندن پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے ٹویٹر پر واقعہ کی مذمت کی، کہا کہ حسن نواز کے دفتر میں حملے کی نیت سے زبردستی غنڈوں کا گھس آنا انتہائی قابل مذمت، شرمناک اور تشویشناک امر ہے۔

انہوں نے کہا، ان نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر محمد نوازشریف پر حملے کی نیت سے دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے۔ لندن پولیس اور متعلقہ محکمہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔ نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی،
ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔۔ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔