Thursday, March 28, 2024

لندن: زیرزمین ریلوے نظام کے ملازمین نے ہڑتال ختم کر دی

لندن: زیرزمین ریلوے نظام کے ملازمین نے ہڑتال ختم کر دی
January 10, 2017

لندن (ویب ڈیسک) لندن میں زیرزمین ریلوے نظام کے ملازمین کی چوبیس گھنٹے کی ہڑتال تو ختم ہوگئی لیکن اس ہڑتال نے لاکھوں مسافروں کو دن میں تارے دکھا دیے۔ لندن کی سڑکیں جنوبی ایشیائی ممالک کا منظر پیش کرتی رہیں۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں زیرزمین ریلوے نظام کے ملازمین کی ہڑتال نے لاکھوں شہریوں کو خوار کر کے رکھ دیا۔ کوئی پیدل چلتا نظر آیا تو کسی نے سائیکل کی سواری کی۔ سائیکلیں کرایہ پر لینے کے رجحان میں ایک سو انچاس فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بسوں میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو ٹھونسا جاتا رہا۔ یہاں تک کہ لندن انتظامیہ نے پرانی ڈبل ڈیکر بسیں بھی سڑکوں پر دوڑا دیں۔

کیلفم جنکشن پر مسافر ٹرین کے انتظار میں اکتا گئے تو ایک مسافر نے پیانو بجا کر شہریوں کو تفریح فراہم کی۔ بسوں کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے ہزاروں مسافر لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے رہے۔ لندن کی سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال جنوبی ایشیا کے کسی ملک سے مختلف نہ تھی۔ کئی مسافروں نے منزل تک پہنچنے کے لیے کشتیوں پر سفر کیا۔

لندن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیف ایگزیکٹو کولن سٹین برج کا کہنا ہے کہ ہڑتال سے کئی کروڑ پاؤنڈز کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ریلوے یونین کی جانب سے چوبیس گھنٹے کی ہڑتال نوکریوں میں مجوزہ کٹوتیوں کے خلاف کی گئی۔ ریلوے ملازمین کی ہڑتال تو ختم ہوگئی لیکن اب برٹش ایئرویز اور سدرن ریلوے کے ملازمین نے بھی ہڑتال کا اعلان کردیاہے۔