Thursday, April 18, 2024

لندن برج پر چاقو بردار شخص کا لوگوں پر حملہ ، دو افراد ہلاک

لندن برج پر چاقو بردار شخص کا لوگوں پر حملہ ، دو افراد ہلاک
November 30, 2019
 لندن (92 نیوز) لندن برج پر جعلی خودکش جیکٹ پہنے چاقو بردار دہشتگرد کے حملے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ پولیس نے فائرنگ کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ لندن میں بلیک فرائیڈے پر دہشتگردی کی اور واردات ہوئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق چاقو بردار شخص نے لندن برج پر موجود لوگوں پر حملہ کر دیا ۔ اس دوران کچھ لوگوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو پکڑ لیا جس کے بعد پولیس نے اُسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر نیل باسو نے واقعے کو دہشتگردی قرار دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور نے جعلی خودکش جیکٹ بھی پہن رکھی تھی ۔ واقعے کے بعد پولیس نے لندن برج اور اطراف کی سڑکیں بند کرتے ہوئے پٹرولنگ بڑھا دی۔ حملہ آور کی شناخت اٹھائس سالہ عثمان خان کے نام سے ہوئی ہے اور سٹیفرڈ شائر میں رہائش پذیر تھا ۔  سکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آور دہشتگرد گروپوں سے روابط میں تھا جبکہ پولیس کو بھی اس کے ماضی کا علم تھا۔ حملہ آور دہشتگردی کے جرم میں چھے سال سزا بھی کاٹ چکا تھا اور گزشتہ سال ہی رہا ہوا تھا جس کے بعد اُس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی تھی ۔ واقعے کے بعد سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم ایک روز کیلئے معطل کر دی۔ وزیر اعظم بورس جانسن نے بروقت کارروائی پر پولیس اور بہادر شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے کہا کہ لندن برج پر حملہ ہم سب پر حملہ ہے۔ ہمیں خاموش کرنے کی کوشش کرنے والے کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونگے ۔ میئر لندن صادق خان نے بھی اس واقعے کی پرزور مذمت کی۔ مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف بھی علاج کیلئے اسی علاقے میں آئے تھے اور اسپتال سے چیک اپ کرائے بغیر ہی واپس گھر چلے گئے۔ لندن برج اس سے پہلے بھی دہشگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔ جون دو ہزار سترہ میں تین دہشتگردوں نے پیدل چلنے والوں پر اپنی ویگن چڑھا دی تھی اور اس کے بعد علاقے میں موجود لوگوں پر حملہ کر دیا تھا۔ اس واقعے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔