Sunday, September 8, 2024

لمبی اور صحت مند زندگی کا راز وراثتی جینز کے اندر پوشیدہ ہے : ماہرین صحت

لمبی اور صحت مند زندگی کا راز وراثتی جینز کے اندر پوشیدہ ہے : ماہرین صحت
August 6, 2015
لندن (ویب ڈیسک) مثل مشہور ہے کہ طویل العمری کا اصل راز صحت مند خوراک میں چھپا ہے لیکن ماہرین صحت نے ایک نئے مطالعے سے یہ بات ثابت کی ہے کہ لمبی اور صحت مند زندگی کا راز ہماری وراثتی جینز کے اندر پوشیدہ ہے۔ آج کل ایسے انسانوں کی تعداد زیادہ ہوتی جا رہی ہے جو 100 سال یا اس سے زائد عمر پاتے ہیں اسی تناظر میں کیے جانے والے مطالعے سے حاصل ہونے والے شواہد بتاتے ہیں کہ لمبی اور صحت مند زندگی پانے کےلئے حیاتیاتی عوامل کی بہتر کارکردگی انتہائی ضروری ہے۔ برطانوی سائنس دانوں نے اپنے مطالعے میں 100 برس کے لوگوں میں طویل العمری کی کلید کو دیکھا ہے۔ نیو کاسل یونیورسٹی سے وابستہ محققین کی ٹیم کو پتا چلا کہ 100 سال یا اس سے زائد عمر کے لوگوں میں اس بات کا مضبوط امکان تھا کہ انہوں نے اپنی اولاد کو لمبی عمر والی جینز کا تحفہ دیا ہو گا۔ یہ تحقیق آن لائن رسالے ”ای بائیو میڈیسن جرنل“ میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے دوران محققین نے مشاہدہ کیا کہ جسم میں انفلیمیشن یا سوزش کی کم شرح ہونا اچھی عمر پانے کی کلید ہے کیونکہ بڑی عمر میں زیادہ تر بیماریاں سوزش بڑھنے کی وجہ سے لاحق ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ لمبی عمر پانے کےلئے عمر بڑھنے کے عمل ”تلومر“ کےلئے وقف انسانی خلیات کی اعلیٰ کارکردگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ متعدد مطالعوں میں سائنس دانوں نے تلومر کی ساخت اور کارگزاری کو حیاتیاتی عمر اور صحت کے ساتھ منسلک کیا ہے۔ تلومر انسانی ڈی این اے کا خصوصی حصہ ہیں، یہ خلیات کے اندر کروموسومز کے آخری سروں پر واقع حفاظتی حصہ ہوتے ہیں۔ تلومر کی لمبائی عمر کے ساتھ زیادہ تر لوگوں میں گھٹتی ہے۔ یہ جسم میں عمر بڑھنے کے عمل کو تیز کرتا ہے۔ بڑھاپے یا بیماری کے بارے میں تلومر کی پیمائش سے صحت کی صورتحال کی پیش بینی کی جا سکتی ہے جبکہ سائنس دانوں کے مطابق چھوٹے تلومر یا تبدیل شدہ تلومر کا دائمی امراض، انفیکشن، سرطان اور متعدد امراض کے ساتھ اتفاقی رابطہ پایا جاتا ہے۔