Saturday, May 18, 2024

للت مودی کو برطانوی ویزے کے حصول میں مدد دینے پر بھارتی وزیر خارجہ سے استعفے کا مطالبہ

للت مودی کو برطانوی ویزے کے حصول میں مدد دینے پر بھارتی وزیر خارجہ سے استعفے کا مطالبہ
June 15, 2015
ممبئی (ویب ڈیسک) کرپشن اسکینڈل پر برطرف کیے جانے والے سابق آئی پی ایل سربراہ للت مودی کو برطانیہ کے ویزے کے حصول میں مدد دینے پر بھارتی ایوانوں میں کھلبلی مچ گئی۔ اپوزیشن نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کیتھ ویز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا نام لے کر کہا ہے کہ بھارتی وزیر نے برطانوی امیگریشن حکام پر للت مودی کو سفری دستاویزات جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جس پر للت مودی کو چوبیس گھنٹے میں سفری دستاویزات جاری کر دی گئیں۔ بھارت میں اس معاملے پر اپوزیشن نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا ہے لیکن بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سشما سوراج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سشما سوراج نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر للت مودی کو ویزے کے حصول میں مدد دے کر کچھ غلط نہیں کیا، ان کی جگہ کوئی بھی ہوتا تو ایسا ہی کرتا لہٰذا مودی سرکار ہر لحاظ سے سشما سوراج کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارتی اپوزیشن للت مودی کے معاملے میں سشما سوراج سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ کانگریسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ للت مودی قانون کا مفرور ہے۔ مودی سرکار کا للت مودی کی مدد کرنا کالا دھن ملک میں واپس لانے کے حکومتی وعدے کی خلاف ورزی ہے۔