Tuesday, May 14, 2024

لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی کو بچھڑے ستر برس بیت گئے

لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی کو بچھڑے ستر برس بیت گئے
February 3, 2021

فیصل آباد (92 نیوز) لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی کو بچھڑے ستر برس بیت گئے۔ چوہدری رحمت علی کو نہ صرف محب وطن سیاسی رہنما بلکہ پہلا پاکستانی کہلانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

تحریک پاکستان کے سرگرم رکن اور لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی کسی تعارف کے محتاج نہیں لیکن بہت سے لوگ اب بھی ان سے نا آشنا ہیں۔ چوہدری رحمت علی نے خود تو شادی نہیں کی البتہ ان کے بھائی کی فیملی فیصل آباد کے نواحی علاقے 66 دھاندرا میں آباد ہے۔

چوہدری رحمت علی حصول تعلیم کیلئے لندن گئے اور 3 فروری 1951ء کو علالت کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے۔ 17 روز تک کوئی ہم وطن کندھا دینے نہ پہنچا تو مصری طلباء نے انہیں امانتاً دفن کر دیا۔ آنکھیں ترس گئیں لیکن مرحوم کا جسد خاکی پاکستان لانے کا وعدہ وفا نہ ہوا۔

عزیز و اقارب کہتے ہیں کہ حکومت وعدہ پورا کرے تو مرحوم کی روح کو بھی چین آ جائے۔

 چوہدری رحمت علی کی برسی کے موقع پر دیے جلائے عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیر اعظم ان کے ہیرو کا جسد خاکی پاکستان لانے کا اعلان کرے۔