Thursday, April 18, 2024

لفظ پاکستان کے خالق چودھری رحمت علی کی آج 121ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

لفظ پاکستان کے خالق چودھری رحمت علی کی آج 121ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے
November 16, 2018
لاہور (92 نیوز) لفظ پاکستان کے خالق اور آزاد وطن کے خواب کو تعبیر دینے کے لیے میدان کار زار میں اترنے والے چودھری رحمت علی کی آج ایک سو اکیسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ پاک لوگوں کی دھرتی کا نام پاکستان رکھنے والے چودھری رحمت علی سولہ نومبر اٹھارہ سو ستانوے کو ہوشیارپور کے گاؤں موہراں میں حاجی شاہ گجر کے ہاں پیدا ہوئے۔ انہوں نے انیس سو پندرہ میں اسلامیہ کالج میں بزم شبلی کی بنیاد رکھی اور اسی پلیٹ فارم سے تقسیم ہند کا نظریہ پیش کیا۔ انہوں نےانیس سو تینتیس میں تاریخی کتابچہ اب یا کبھی نہیں شائع کرتے ہوئے پہلی مرتبہ لفظ پاکستان کو استعمال کیا۔ آپ کے مطابق آپ نے یہ نام پنجاب، افغانیہ، کشمیر، سندھ، بلوچستان سے اخذ کیا جہاں مسلمان بارہ سو سال سے آباد ہیں۔ تحریک پاکستان کا یہ عظیم مجاہد تین فروری انیس سو اکیاون بروز ہفتہ کوانتہائی کسمپرسی کی حالت میں برطانیہ میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔ سترہ روز تک کولڈ سٹوریج میں اپنے ہم وطنوں کا انتظار کرتے کرتے بالآخر دو مصری طلبہ کے ہاتھوں کیمبرج کے قبرستان کی قبر نمبر بی آٹھ ہزار تین سو تیس میں امانتاً اس امید کے ساتھ دفن کر دیا گیا۔ پاکستان میں موجود ان کے خاندان کے افراد آج بھی چودھری رحمت علی کی اپنے ملک میں تدفین کے لئے بے چین ہیں۔