Sunday, September 8, 2024

لداخ میں چین کی فوج نے جھڑپ میں بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیے

لداخ میں چین کی فوج نے جھڑپ میں بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیے
May 25, 2020

نئی دہلی ( 92 نیوز) کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والی بھارتی فوج حقیقت میں بھیگی بلی جیسی ہے ، بھارت کی چین کے ہاتھوں چھترول ، گھس کر مارنے کی دعوے دار بزدل فوج دم دبا کر بھاگ نکلی ، لداخ میں دوران جھڑپ چینی فوج نے بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیے ، بھارتی میڈیا نے بھی اپنی فوج کی بزدلی کا رونا رودیا۔

چین نے نہ صرف بھارتی فوجیوں کو ایک جھڑپ کے دوران ناکوں چنے چبوائے بلکہ متعدد اہلکار بھی دھر لیے، چینی فوجی پینگانگ جھیل کے پار آگئے، اس موقع پر انھوں نے موٹر بوٹس کے ذریعے کافی دیر تک پٹرولنگ بھی کی۔

تاہم واقعے نے بھارتی سورماؤں کی نام نہاد بہادری کا سب کچا چٹھا کھول کر رکھ ڈالا ، مودی  سرکار بھی منہ کی کھانے کے بعد پریشانی میں مبتلا ہو گئی، فوجی تو رہا ہوگئے مگر سوشل میڈیا پر بھارتی پسپائی کی کہانی وائرل ہوگئی۔

صرف یہی نہیں بھارتی میڈیا نے لداخ کے علاقے کی کچھ سٹیلائٹ تصاویر بھی جاری کیں جن میں چین کے زیرتعمیر بنکرز دیکھے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں بھی بی جے پی کو خوب آڑے ہاتھوں لے رہی ہے، بہار سے تعلق رکھنے والے جنتا دل کے رہنما شیو آنند تیواری کا کہنا ہے پاکستان کو آئے روز دھمکیاں دینے والے مودی اور ان کے سپہ سالار نے اب چپ کا روزہ رکھ لیا۔