Thursday, March 28, 2024

لداخ میں شکست، بھارت نے آرمی چیف جنرل باجوہ کیخلاف پروپیگنڈا شروع کردیا

لداخ میں شکست، بھارت نے آرمی چیف جنرل باجوہ کیخلاف پروپیگنڈا شروع کردیا
May 26, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) لداخ میں چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی درگت بننے کے بعد حسب روایت ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی میڈیا نے پاکستان اور آرمی چیف قمرجاوید باجوہ کے خلاف پراپیگنڈہ شروع کردیا۔ لداخ میں چینی فوج کے ہاتھوں زبردست دھلائی کے بعد بھارتی فوج نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں۔ ثابت ہوا بھارتی حکمرانوں، فوجی سربراہوں کے دھواں دھار بیانات صرف گیڈر بھبھکیاں ہی ہیں۔ بھارتی نیتاؤں اور فوجی سربراہوں کے کھوکھلے نعرے اپنی جگہ، بھارتی میڈیا بھی خالی برتن کی طرح خوب بجتا ہے۔ لداخ میں چین کے ہاتھوں شرم ناک پسپائی کے بعد بھارتی میڈیا کی ڈھٹائی کھل کرسامنے آ گئی، چین کے ہاتھوں شرمناک شکست پر نادم ہونے کے بجائے بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کردیا۔ صرف یہی نہیں، کھیسانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف بھارتی میڈیا نے چین کوتوکچھ نہ کہا، الٹا پاکستانی سپہ سالارقمر جاوید باجوہ کے خلاف پراپیگنڈہ شروع کردیا۔ یوں لگ رہا ہے جیسے چینی فوج کے دلیرانہ اقدام پر بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کو سانپ سونگھ گیا اور دونوں اپنی خفت مٹانے کیلئے چین کو جواب دینے کے بجائے پاکستان کےخلاف بھڑاس نکالنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیاپر پاکستانیوں نے بھارتی فوج کی خوب درگت بنائی لداخ آج بھی سوشل میڈیاپر ٹاپ ٹرینڈ کرتا رہا، بھارتی فوج کا ایک بینرسوشل میڈیاپر خوب وائرل ہورہاہے جس میں بھارتی فوجی ہاتھوں میں بینراٹھاکر چینی فوج سے علاقہ چھوڑنے کی درخواست کرتےدکھائی دے رہے ہیں۔ ایک شہری نے لکھا کہ بھارت کو بالی وڈ اداکاروں پرمشتمل سپیشل ریزروفورس کو لداخ بھیجنا چاہے، لداخ کے شور میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گونج بھی سنائی دیتی رہی، ایک نوجوان نے بھارتی تابوت کی تصویر شئیر کی جسے نیپال، پاکستان اور چین اٹھا کر قبرستان لے جا رہے ہیں۔