Saturday, April 20, 2024

لبیک اللہم لبیک !!! عازمین حج میدان عرفات میں جمع ہو گئے

لبیک اللہم لبیک !!! عازمین حج میدان عرفات میں جمع ہو گئے
September 11, 2016
مکہ مکرمہ (92نیوز) اے اللہ ! ہم حاضر ہیں۔ مناسک حج جاری۔ حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین نے رات بھر منیٰ میں قیام کیا اور وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کے لیے میدان عرفات میں جمع ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے حج کیلئے مکہ مکرمہ میں جمع لاکھوں مسلمان آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کر رہے ہیں۔ مفتی اعظم عبدالعزیز آل الشیخ کی علالت کے باعث خطبہ حج شیخ صالح بن حمید دیں گے۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم مسلسل پینتیس سال تک خطبہ حج ارشاد فرماتے رہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھرسے لاکھوں فرزندان اسلام حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کے شہرمکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں جہاں گزشتہ روز ہی احرام باندھنے کے بعد مناسک حج کی ادائیگی کا عمل شروع ہوگیا تھا۔ آٹھویں ذی الحجہ کومنیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوئی۔ فرزندان اسلام نے رات منیٰ میں قیام کیا اورتمام نمازیں باجماعت ادا کیں۔ منیٰ میں رات قیام کرنے کے بعد عازمین حج کے رکن اعظم کیلئے میدانِ عرفات میں جمع ہو رہے ہیں جہاں وہ خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں اکٹھی ادا کریں گے۔ اس سال تیس لاکھ سے زائد عازمین حج ادا کریں گے جن میں دولاکھ مقامی عازمین بھی شامل ہیں۔ وزیرداخلہ اورچیئرمین حج سپریم کمیٹی شہزادہ محمدبن نائف بھی میدان عرفات پہنچ چکے ہیں۔ سعودی وزارت صحت، محکمہ شہری دفاع، سکیورٹی اداروں کے اہلکار میدان عرفات میں موجود ہیں۔