Friday, April 26, 2024

لبنان میں بگڑتی معاشی صورتحال کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری

لبنان میں بگڑتی معاشی صورتحال کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری
January 20, 2020
بیروت ( 92 نیوز) لبنان میں بگڑتی معاشی صورتحال، ریاستی نا اہلی اور کرپشن کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے نتیجے میں دو روز کے دوران چار سو سے زائد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ مشرق وسطیٰ کا ایک اور ملک بحران کا شکار ہو گیا، لبنانی حکومت کی نااہلیوں کے خلاف بھی ہزاروں مظاہرین دارالحکومت بیروت کی سڑکوں پر نکل آئے۔ مشتعل مظاہرین نے لبنانی پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی، اس موقع پر پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے جبکہ پولیس نے مظاہرین کےخلاف واٹر کینن، آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا۔ فوج کی جانب سے سیکورٹی صورتحال سنبھالنے اور تیز بارش کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے، لبنان میں پچھلے سال سے  حکومتی کرپشن اورمعاشی بحران کے خلاف جاری مظاہروں کی وجہ سے سعد الحریری کو بھی اپنی وزارت عظمیٰ کی کرسی چھوڑنا پڑی تھی لیکن اس سب کے باوجود سیاسی رہنما کوئی نیا معاشی پلان لانے میں ناکام رہے ہیں۔