Monday, May 13, 2024

لبنان دھماکوں کے تباہ کن اثرات ، تین لاکھ سے زائد افراد بے گھر

لبنان دھماکوں کے تباہ کن اثرات ، تین لاکھ سے زائد افراد بے گھر
August 7, 2020
 بیروت (92 نیوز) لبنان دھماکوں کے تباہ کن اثرات سامنے آ گئے۔ ہولناک تباہی سے تین لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ بیروت شہر کا بڑا حصہ کھنڈر بن گیا۔ نقصان کا ابتدائی تخمینہ 10 سے 15 ارب ڈالر لگایا گیا۔ لبنان میں تین روزہ سوگ کا آج آخری روز ہے۔ ہولناک دھماکے سے تباہ لبنانی دارالحکومت  قیامت کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ہر عمارت تباہ حال ، سڑکیں ملبے سے بھری ہوئی ہیں۔ اسپتالوں کا ذکر کریں تو وہاں بھی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ زخمیوں کی تعداد جہاں بڑھ رہی ہے وہیں اموات میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بندرگاہ میں دھماکے کی وجہ سے سمندر میں گرنے والا ایک شخص تیس گھنٹوں بعد زخمی حالت میں مل گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہزاروں ٹن آتشیں مواد کی چھے سال سے بندرگاہ میں موجودگی کی خبر پر عوام سیخ پا ہو گئی اور حکومت کے خلاف احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی جس پر انھوں نے مشتعل ہو کر جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیا۔ یورپی یونین نے تین کروڑ یوروز کا ایمرجنسی فنڈ جبکہ اقوام متحدہ نے بیروت کے اسپتالوں کیلئے نوے لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے بھی فضائی راستے سے امدادی جہاز بھیجا گیا ہے۔ ادھر فرانس کے صدر ایمونیل میکرون نے اپنا دورہ لبنان کے دوران بیروت دھماکے کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔