Saturday, May 18, 2024

لبرٹی: ڈیپارٹمینٹل سٹور میں لگنے والی آگ ٹھنڈی نہ ہوئی !!! قریبی عمارتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا

لبرٹی: ڈیپارٹمینٹل سٹور میں لگنے والی آگ ٹھنڈی نہ ہوئی !!! قریبی عمارتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا
June 15, 2015
لاہور (92نیوز) لبرٹی مارکیٹ کے ایک پلازے میں آگ لگنے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے 15 افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا ہے۔ سول ڈیفنس نے عمارت کو خستہ حال قرار دیتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لبرٹی مارکیٹ میں معروف ڈیپارٹمینٹل سٹور میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے چاروں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے باعث اس سے ملحقہ عمارتیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ فائربریگیڈ کی پندرہ گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کارروائی کا آغاز کیا اور عمارت میں پھنسے پندرہ افراد کو نکال لیا۔ lebirty fire2   ریسکیو ٹیموں کے مطابق پلازے میں داخل ہو نے کا ایک ہی راستہ ہے جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عمارت کی خستہ حالی پر سول ڈیفنس نے ریڈ الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن عثمان کے مطابق راستہ تنگ ہونے کے باعث ریسکیو اہلکار عمارت میں مشکل سے داخل ہوئے۔ واضح رہے کہ آگ لگنے کی وجہ جنریٹر پھٹنا بتائی گئی ہے تاہم مزید تفصیلات تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔ آخری اطلاعات آنے تک ریسکیو اہلکار بجھانے میں تاحال ناکام رہے ہیں۔   lebirty fire