Friday, April 19, 2024

لبرا کرنسی کو بڑے مالیاتی اداروں نے چھوڑ دیا

لبرا کرنسی کو بڑے مالیاتی اداروں نے چھوڑ دیا
October 12, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) فیس بک کو بڑا دھچکا لگ گیا ، پے پال کے بعد دوسرے بڑے مالیاتی اداروں نے بھی کرپٹو کرنسی لبرا  کو چھوڑ دیا۔ سماجی رابطے کی سب سے مقبول ویب سائیٹ فیس بک کے ستارے گردش میں آگئے ، فیس بک کرنسی لبرا کو معروف عالمی مالیاتی اداروں نے خیرباد کہنا شروع کردیا۔پہلے پے پال اور اب ماسٹرکارڈ، ویزا، ای بے اور دوسرے بڑے اداروں نے بھی لبرا سے لین دین ختم کردیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام نے فیس بک کے عالمی کرنسی کے منصوبے کو سخت نقصان پہنچایا ہے ،  کرپٹو کرنسی لبرا کے منصوبے کو ریگولیٹرز اور سیاستدانوں کی طرف سے بھی سخت تنقید کا سامنا ہے۔ریگولیٹرز کو خدشہ ہے کہ لبرا، منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب فیس بک برطانوی اداروں کی واچ لسٹ میں بھی آگئی، شبہ ظاہر کیا جارہاہے کہ فیس بک ٹیکس چوری میں ملوث ہوسکتی ہے۔ نئے جاری کردہ اعداداوشمار کے مطابق فیس بک کے منافع میں 50 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے برطانوی حکومت کو صرف 28 ملین پاونڈ ٹیکس ادا کیا۔ دوسری طرف فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ 3000 برطانوی شہریوں کو ملازمت فراہم کئے ہوئے ہیں اور اپنے تمام ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔ برطانیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گوگل نے 1.4 بلین آمدنی کے باوجود 66.8 ملین ٹیکس ادا کیا ،  ایپل نے 1.2 بلین آمدنی کے باوجود 10 ملین پاونڈ ٹیکس ادا کیا جبکہ ایمیزون نے 10.9 بلین آمدنی کے باوجود 220 ملین ٹیکس ادا کیا۔