Sunday, September 8, 2024

لاہورہائیکورٹ کے حکم پر رائل پام کلب کو ڈی سیل کرکے  قبضہ کلب انتظامیہ کودے دیا گیا

لاہورہائیکورٹ کے حکم پر رائل پام کلب کو ڈی سیل کرکے  قبضہ کلب انتظامیہ کودے دیا گیا
July 4, 2016
لاہور(92نیوز)لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر رائل پام کلب کو ڈی سیل کرکے اس کا قبضہ کلب انتظامیہ کو دے دیا گیا جس کے بعد انتظامیہ نے کلب کا کنٹرول سنبھال لیا ملازمین نے عدلیہ کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ تفصیلات کےمطابق ریلوے انتظامیہ نے چوبیس جون کو علی الصبح پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کلب میں موجود گاہک اور مہمانوں کو نکال کر اس پر قبضہ کر لیا۔ کلب سیل کرنے کے بعد وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کلب انتظامیہ معاہدے سے انحراف کر رہی ہے۔ اپنے ذمہ واجب الادا رقم دو ارب ادا نہیں کر رہی جس پر قانونی ضابطے پورے کرتے ہوئے کلب کو سیل کیا گیا کلب سیل ہونے کے بعد ممبران اور ملازمین نے لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔ کلب انتظامیہ نے انصاف کے حصول کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔ پیر کے روز عدالت نے حکم جاری کیا کہ کلب کا کنٹرول کلب انتظامیہ کے سپرد کیا جائے جس پر رائل پام کے وکیل علی ظفر اور اعتزاز احسن شام چھے بجے کے قریب عدالتی حکم لے کر کلب پہنچے جہاں سے ریلوے انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد کلب کو ڈی سیل کر کے اس کا انتظام رائل پام کی سابقہ انتظامیہ کے سپرد کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کلب اپنے معمولات منگل کے روز سے دوبارہ شروع کر دے گا تمام ملازمین احکامات ملتے ہی پہنچ گئے اور منیجر کو رپورٹ کر دی۔ ملازمین نے کلب کے باہر آزاد عدلیہ کے حق میں نعرے بھی لگائے۔