Tuesday, April 23, 2024

لاہورہائیکورٹ، ایران، یورپ اور امریکا وزٹ ویزا پر جانیوالے پاکستانیوں کی تفصیلات طلب

لاہورہائیکورٹ، ایران، یورپ اور امریکا وزٹ ویزا پر جانیوالے پاکستانیوں کی تفصیلات طلب
March 24, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہورہائیکورٹ نےایران جاکرواپس آنے اوروہاں موجود پاکستانیوں، یورپ امریکا کے وزٹ ویزا پر جانے والے پاکستانیوں کی تفصیلات طلب کرلیں،عدالت نے نجی اداروں کے ملازموں کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے، ڈیلی ویجز اور دیہاڑی دار افراد کو رقم کی تقسیم سے متعلق اقدامات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی سربراہی میں پانچ رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے کرونا کی روک تھام کے لئے بروقت انتظامات نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مستند ڈیٹا کے بجائے میڈیا کی خبروں کو بنیاد کیوں بنایا گیا؟ ادارے اپنا کام کررہے ہیں، ملک ایمرجنسی میں ہے ڈرامہ بازی بند کرنا ہوگی۔ عدالت نے دس سال تک سزاؤں والے قیدیوں کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالتی استفسار پرایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ملک میں اس وقت ہیلتھ ایمرجنسی لاگو ہے ہیلتھ پالیسی میں ہیلتھ ایمرجنسی کا ذکر ہے، تقریباًچھ ہزار پاکستانی ابھی تک ایران میں موجود ہیں، تفتان، چمن اور خیبر میں قرنطینہ سینٹر بنا دئیے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بہتر ہوگا کہ تمام ایمرجنسی اقدامات کو قانونی تحفظ دیا جائے، زکوٰۃ ابھی کاٹی جاسکتی ہے تواس حوالے سے بھی تفصیلات پیش کی جائیں۔ عدالت نے خدمت خلق کے تحت راشن بانٹنے والے افراد کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے نجی شعبے سے مل کر کرونا کے سستے ٹیسٹ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ نجی اداروں کےملازموں کی تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے، ڈیلی ویجز اور دیہاڑی دار افراد کو رقم کی تقسیم سے متعلق اقدامات کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ایران سے واپس آنے والوں کو وہیں روکنے کی بجائے ملک بھرمیں کرونا پھیلادیا۔ اگر بین الاقوامی فلائٹس بند ہیں تو قطر سے خصوصی پرواز کو کیسے آنے کی اجازت دی گئی، قطر والے پاکستان آسکتے ہیں تو لندن، امریکا اور دیگر پاکستانیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں رکھا گیا ہے؟۔ سیکرٹری صحت نےبتایا کہ ہر ڈویژن کی سطح پر ایک ایک ڈائگناسٹک سینٹرلیبارٹری بنادی گئی ہے، لاہورکے سرکاری اسپتالوں میں چار سو تیس اور نجی شعبے کے چار سو باون وینٹیلیٹر موجود ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد بیگ نے منشیات کے مقدمے میں ائیرپورٹ سے پکڑے ایک قیدی میں کرونا وائرس کی تصدیق کی، عدالت نے مزید سماعت ستائیس مارچ تک ملتوی کردی۔