Thursday, March 28, 2024

لاہور،گلبرگ کے علی پلازہ میں آتشزدگی ،بلڈنگ سے کودنے والا ایک شخص جاں بحق

لاہور،گلبرگ کے علی پلازہ  میں آتشزدگی ،بلڈنگ سے کودنے والا ایک شخص جاں بحق
September 8, 2018
لاہور ( 92 نیوز)  لاہور کے علاقے گلبرگ کے علی پلازے میں آگ لگ گئی ، آتشزدگی کے باعث لوگوں نے جان بچانے کیلئے بھاگنا شروع کر دیا، پلازے سے کودنے والا شخص اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔جان بچانے کیلئے پلازے سے کودنے والےمزید  4افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لاہور کے علاقے گلبرگ کے علی پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تہہ خانے سے شروع ہونے والی آگ بالائی منزل تک پہنچ گئی، کئی لوگ پلازے میں پھنس گئے، ایک شخص نے جان بچانے کے لئے چھلانگ لگا دی، جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا ۔ ریسکیو ٹیمیں اور فائر ٹینڈرز بھی پہنچے  تاہم آگ کے شعلے بڑھتے ہی گئے  ، ہر طرف خوف وہراس پھیل گیا،آگ کی وجہ سے پلازے میں پھنسے والے افراد اپنی جانیں بچانے کی تگ و دو کرنے لگے ۔ اسی دوران  ایک شخص نے رسی کی مدد سے پلازے سے نکلنے کی کوشش کی تاہم قسمت نے ساتھ نہ دیا  اور دیکھتے ہی دیکھتے عمران ولد اکرام نامی یہ شخص زمین پر آن پڑا  ، جسے شدید زخمی حالت میں سروسز اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور موت کی وادی میں چلا گیا ۔ دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ پلازے میں پھنسے  کئی افراد نے جان بچانے کے لئے چھلانگیں لگا دیں  ،جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی  ہو ئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔