Sunday, April 28, 2024

لاہور،چیف جسٹس پاکستان نے چھٹی کے روز بھی عدالت لگائی

لاہور،چیف جسٹس پاکستان نے چھٹی کے روز بھی عدالت لگائی
October 28, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اتوار کے روز بھی لاہور میں عدالت لگائی ۔پٹوارخانوں سے متعلق کیس میں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور کو اسلام آباد طلب کر لیا ۔ دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے پٹوار خانے کس حیثیت میں کام کر رہے ہیں؟، جعلسازی سے خاتون کی زمین ہتھیانے والے پٹواری کو کمرہ عدالت سے گرفتار بھی کرا دیا۔ ہفتہ وار تعطیل پر بھی چیف جسٹس آف پاکستان  لاہور میں مصروف رہے  ، حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر چادر پوشی کے بعد سیدھے سپریم کورٹ لاہوررجسٹری پہنچے  جہاں  سائلہ آسیہ بی بی نے اپنے علاقے کے پٹواری راناجاوید کے خلاف جعلسازی سے زمین ہتھیانے سے متعلق درخواست دی توچیف جسٹس نے ملزم کو گرفتارکرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے پٹوارخانوں کے جواز سے متعلق کیس کو اسلام آباد میں سننے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب  اور دیگر متعلقہ افسران کو نوٹس بھی جاری کر دیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ بتایا جائے پٹوار خانے کس حیثیت میں کام کر رہے ہیں ۔ سابق ایم پی اے انعام اللہ نیازی کی جانب سے اپنی بھابھی کو وراثت میں حصہ نہ دینے پر عدالت  نے پروپوزل بھی طلب کر لیا۔ دوسری جانب  ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین ریلی کی شکل میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچے  اور سوسائٹی کے مالکان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انصاف کی دہائی دی۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں موجودگی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ مقدمات کی سماعت کے بعد چیف جسٹس عقبی دروازے سے روانہ ہو گئے۔