Thursday, April 25, 2024

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی عہدے سے مستعفی،وزیراعظم نے احسان مانی کونامزدکردیا

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی عہدے سے مستعفی،وزیراعظم نے احسان مانی کونامزدکردیا
August 20, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی تبدیلی آگئی ، چیئرمین پاکستان  کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دےد یا جب کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے احسان مانی  کو نیا چیئرمین پی سی بی  نامزد کردیا۔ نجم سیٹھی نے  اپنے سوشل میڈیا پیغام میں  استعفے کی کاپی شیئرکرتے ہوئے  عہدے سے مستعفی ہونے کی  تصدیق کی، نجم سیٹھی کا اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہنا تھا کہ وزیراعظم کی حلف برادری کا انتظار کر رہا تھا۔ نجم سیٹھی نے اپنے استعفے میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ متعدد بار  کہہ چکے ہیں پاکستان کرکٹ کے لیے آپ کا ایک مقصد ہے لہٰذا یہ بہتر ہو گا کہ آپ یہ عہدہ سنبھالیں اور  ایسی مینجمنٹ کو یہ ذمہ داریاں  دیں جسے آپ کا مکمل اعتماد اور بھروسہ حاصل ہو۔ شہر یار خان کی مدت ملازمت 2017 میں مکمل ہونے پر نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی منتخب کیا گیا۔ نجم سیٹھی کے عہدہ چھوڑنے پر وزیراعظم عمران خان نے آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کو پی سی بی چیئرمین نامزد کر دیا،احسان مانی 2003سے 2006تک آئی سی کے سربراہ رہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے  احسان مانی سے متعلق اپنے ٹویٹ  میں کہا کہ احسان مانی آئی سی سی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے ہیں ، وہ تین سال تک آئی سی سی کے خزانچی ا ور تین سال تک صدر رہے ہیں انہیں کرکٹ کا وسیع تجربہ ہے  ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی کیلئے آئینی طریقہ کار کے مطابق چلیں گے ، احسان مانی کو الیکشن لڑ کر چیئرمین پی سی بی بننا ہوگا۔ نجم سیٹھی کو پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت  میں کرکٹ بورڈ کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا ، نجم سیٹھی 2013 کے عام انتخابات میں نگران  وزیراعلیٰ پنجاب تھے ، پی ٹی آئی کی جانب سے ان پر انتخابات کے دوران  دھاندلی کرانے کے الزامات عائد  کئے گئے تھے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی مرکز میں حکومت بننے کے آثار کے ساتھ ہی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ نجم سیٹھی جلد مستعفی ہو جائیں گے اور آج انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔