Wednesday, May 1, 2024

لاہور،ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پراقلیتی برادری ن لیگ کیخلاف سڑکوں پر آگئی

لاہور،ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم  پراقلیتی برادری ن لیگ کیخلاف سڑکوں پر آگئی
June 25, 2018
لاہور ( 92 نیوز )مسلم لیگ ن کی مشکلات کم نہ ہو سکیں ، لاہور میں اقلیتی برادری ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف سڑکوں پر آ گئی جبکہ چنیوٹ میں ووٹرز نے قیصر احمد شیخ کو روک لیا ۔ ٹکٹوں کی تقسیم کا معاملہ ہو یا حلقے میں الیکشن مہم کا ن لیگی رہنماؤں کو مشکلات کا سامنا ہے  ، لاہور میں اقلیتی برادری بھی سڑکوں پر آ گئی  ، اقلیتی برادری کی جانب سے ن لیگی قیادت کے خلاف شدید احتجاج  کیا گیا ، اس موقع پر ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے  کے نعرہ بھی بلند کئے گئے ۔ اقلیتی برادری نے ماڈل ٹاؤن کے باہر رشید چوہدری کو ٹکٹ نہ دینے کے خلاف  احتجاج کیا ۔ دوسری طرف چنیوٹ میں ن لیگی رہنما قیصر احمد شیخ کو ووٹ مانگنے کے لئے حلقے میں جانا مہنگا پڑ گیا  ، ناراض ووٹرز نے گاڑی روک کر سوالات کی بوچھاڑ کر دی  اور پوچھا کہ شیخ صاحب بتائیں ماضی کے وعدے پورے کیوں نہیں ہوئے  ،  قیصر شیخ ووٹرز کو طفل تسلیاں دینے کی ناکام کوششیں اور وضاحتیں کرتے رہے ۔ ادھر گوجرانوالہ میں بھی ن لیگی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف سڑکوں پر آگئے ، کارکنوں نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا  اور پیرا ٹروپرز امیدوار نہ منظور کے نعرے لگائے واضح رہے کہ ملک بھر کے کئی شہروں میں ن لیگی کارکنوں ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں  جبکہ کئی شہروں میں ن لیگی رہنماؤں کو ووٹ مانگنے کے لئے جانا مہنگا ثابت ہوا ۔ ناراض ووٹرز نے شاہد خاقان عباسی کی گاڑی کا گھیراؤ تک کیا  ، یہاں تک کہ پولیس کو رستے کلیئر کرانا پڑا۔