Monday, September 16, 2024

لاہور:سفاک ملزموں کے ہاتھوں آنکھوں سے محروم ہونے والے طالب علم کے والدین غم سے نڈھال

لاہور:سفاک ملزموں کے ہاتھوں آنکھوں سے محروم ہونے والے طالب علم کے والدین غم سے نڈھال
April 13, 2017
لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت میں سفاک ملزموں کے ہاتھوں  آنکھوں سے محروم ہونے والے طالب علم کے والدین غم سے نڈھال ہیں۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئر پرسن صباصادق طالب علم کے گھرپہنچیں،متاثرہ خاندان کو دلاسہ دیا ۔ تفصیلات کےمطابق لاہور کے نواحی علاقے رنگیل پور میں ڈیڑھ ماہ پہلے انسانی درندگی کا ایک شرم ناک واقعہ پیش آیا جس میں نویں جماعت کے طالبعلم عیش محمدکو غیرت کےنام پر  تشدد کا نشانہ بنایا ۔ ملزمان نے عیش کی آنکھوں میں چاقو مار کر اسکی دونوں آنکھیں ضائع کر دیں مقدمے کے مرکزی ملزم حنیف کو تھانہ سندر پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد چھوڑ دیا لاہورکی مقامی عدالت نے  مقدمے کی تفتیش مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا  اور پولیس کو مقدمے کی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے ملزم حنیف کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دیا عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں15 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔  وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پرچائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چئیر پرسن صبا صادق  عیش محمد کے گھر پہنچیں اور اس کے والدین سے اظہار ہمدردی کیا۔ صباصادق کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اس بچے کی ہر طرح سے دیکھ بھال کرے گی اور ملزموں کو  ہر صورت سزا دی جائے گی ۔ عیش کے والدین غم سے نڈھال ہیں ایک ماں  کی نظروں کے سامنے اس کا بیٹا درد سے کراہ رہا ہےاور ماں کے پاس بے بسی اور لاچاری کے  آنسووں کے سوا کچھ نہیں وہ تو بس انصاف چاہتی ہے اور ان درندوں کو انجام تک پہنچتے دیکھنا چاہتی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق اب عیش کبھی نہیں دیکھ سکے گا مگر عیش کے والدین کسی صورت یہ بات ماننے کو تیار نہیں  اور آج بھی اس امید پہ زندہ ہیں کہ ان کا بیٹا پہلے جیسی نارمل زندگی بسر کرے گا ۔ طالبعلم اور اس کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ انہیں انصاف دلایا جائےوزیر اعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔