Friday, April 19, 2024

لاہور،سرکاری اسپتالوں کیلئے خریدی گئی مزید80ادویات غیر معیاری نکلیں

لاہور،سرکاری اسپتالوں کیلئے خریدی گئی مزید80ادویات غیر معیاری نکلیں
April 19, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کے لیے خریدی گئی مزید 80ادویات غیر معیاری نکلیں، ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیب محمد شفیق کے مطابق گزشتہ 6ماہ میں 100سے زائد ادویات غیر معیاری قرار دی جا چکی ہیں، 45 ادویات سے متعلق سیفٹی الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹرڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے مطابق صوبے کے 107 سرکاری اسپتالوں سے حاصل کیے گئے نمونوں میں سے 80ادویات غیر معیاری پائی گئیں۔جبکہ غیر معیاری ادویات کے مخصوص بیچز پر پابندی لگا کر اسپتالوں سے فوری طور پر اٹھانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان نے ادویات کو ذخیرہ کرنے کے درجۂ حرارت کی چھان بین کی ہدایت کر دی ہے ۔پنجاب کے تمام ضلعی افسرانِ صحت، ڈی ڈی او ہیلتھ اور ڈرگ انسپکٹرز کو اتائیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے پیش نظر جراحوں اور دندان سازی کا کام کرنے والے اتائیوں کے خلاف پہلے کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے ۔ سیکرٹری صحت نے سرکاری اسپتالوں کے معاون عملے کے نجی کلینکس بھی فوری بند کروانے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اورمقامی پولیس کو بھی کریک ڈاؤن میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔