Thursday, April 25, 2024

لاہور،ایوان اقبال میں تحریک انصاف کا کنونشن ہلڑ بازی کی نذر

لاہور،ایوان اقبال میں تحریک انصاف کا کنونشن ہلڑ بازی کی نذر
December 24, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) لاہور کے ایوان اقبال میں تحریک انصاف کا کنونشن ہلڑ بازی کی نذر ہو گیا ۔ کارکنوں نے علیم خان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے کنونشن میں بدنظمی کا مظاہرہ کیا ۔ جس پر شاہ محمود قریشی تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے گئے ۔ پولیس نے ہنگامہ کرنے والے کارکن کو گرفتار کرلیا ۔
تحریک انصاف کا ورکر کنونشن ایوان ایوان میں منعقد ہوا لیکن تقریب میں وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کو مدعو نہ کرنے پر کارکنان سیخ پا ہو گے اور نعرے بازی شروع کردی ۔
جواباً دوسراگروہ بھی سامنے آیا ۔ بات جوابی نعرے بازی سے دھکم پیل اور پھر گھونسوں اور لاتوں تک جا پہنچی ۔
مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کی تقریر شروع ہوتے ہی علیم خان کا حامی گروپ سٹیج پر چڑھ دوڑا اورنعرے بازی شروع کردی ۔جس پر کافی دیر تک شاہ محمود قریشی خطاب شروع نہ کر سکے ۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد گروپ بندی نہیں سب کو بلایا گیا تھا ۔
کنونشن میں بدنظمی پر ہلڑ بازی کر نے والے کارکنان کو ہال سے باہر نکال دیا جبکہ پولیس نے ایک کارکن کو حراست میں لے لیا ۔
شاہ محمود قریشی کے ادھورے خطاب کے بعد تقریب کو بھی ختم کردیا گیا ۔