Thursday, March 28, 2024

لاہورایئرپورٹ کا فلائٹ شیڈول آج بھی درہم برہم رہا

لاہورایئرپورٹ کا فلائٹ شیڈول آج بھی درہم برہم رہا
August 27, 2016
لاہور(92نیوز)علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے فلائٹ شیڈول آج بھی درہم برہم رہا۔ دس قومی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ اور بیالیس پروازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار رہی۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ شیڈول موسمی حالات، طیاروں کی عدم دستیابی اور دیگر تکنیکی وجوہات کی وجہ سے متاثر ہوا۔ تفصیلات کےمطابق لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ شیڈول موسمی حالات،طیاروں کی عدم دستیابی اور دیگرتکنیکی وجوہات سے متاثر ہوا۔ایئربلیو کی نہ صرف لاہور سے مدینہ منورہ اور مدینہ منورہ سے لاہور دونوں پروازیں منسوخ ہوئیں بلکہ ایئربلیو کی لاہور سے ابوظہبی اور ابوظہبی سے لاہور دونوں پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔ اسی طرح ایئربلیو کی لاہور سے جدہ اور شارجہ جانے والی پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔ شاہین ایئرلائن کی لاہور سے جدہ جانے والی ایک پرواز منسوخ ہوئی۔ پی آئی اے کی ابوظہبی سے لاہور آنے والی ایک پرواز منسوخی کا شکار ہوئی جبکہ پی آئی اے کی لاہور سے کراچی دو پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔