Saturday, May 18, 2024

لاہور:آئی جی پنجاب کا پرانے تھانہ کلچر کو ہی پروان چڑھانے کا عزم

لاہور:آئی جی پنجاب کا پرانے تھانہ کلچر کو ہی پروان چڑھانے کا عزم
August 23, 2017

لاہور (92 نیوز) آئی جی پولیس پنجاب نے پرانے تھانہ کلچر کو ہی پروان چڑھانے کا عزم کرلیا۔ تھانوں میں تشدد کی فوٹیج اور تصاویر بنانے والوں پر نظر رکھنے اور موبائل فون ضبط کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

روک سکو تو روک لو، پنجاب پولیس کے شیر جوان اب ملزموں کی کریں گے کھل کر چھترول کیونکہ پولیس سٹیشنوں میں موبائل فونز سے فوٹیج یا تصاویر پر لگا دی گئی ہے پابندی جو پاسداری نہیں کرے گا اس کا موبائل چھین لیا جائے گا۔

اہلکار ملزموں پر نظر رکھنے کے بجائے اب صرف فوٹیجز بنانے والوں پر نظر رکھیں گے۔

آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائر عارف نواز خان کے جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تھانوں میں عینک، ٹوپی، بٹن، یا پین پر لگے خفیہ کیمروں پر کڑی نظر ہو۔

ایف آئی آر کا اندراج ہو تو فریقین کی گفتگو کے دوران بھی کوئی ریکارڈنگ نہ ہو اور اگر کوئی ریکارڈنگ ہو رہی ہو تو وہ ڈیلیٹ کر دی جائے اور موبائل یا کیمرا ضبط کرکے قانون  کو حرکت میں لایا جائے۔