Monday, September 16, 2024

لاہور : ہوائی فائرنگ معمول بن گئی ، پولیس بگڑے نوجوانوں کو نکیل ڈالنے میں ناکام

لاہور : ہوائی فائرنگ معمول بن گئی ، پولیس بگڑے نوجوانوں کو نکیل ڈالنے میں ناکام
July 31, 2016
لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں آئے روز سرعام ہوائی فائرنگ معمول بن گئی انسانی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں لیکن پولیس بگڑے نوجوانوں کو نکیل ڈالنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔ تفصیلات کےمطابق لاہور میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کم ہونے کے بجائے بڑھنے لگے جس سے انسانی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں لیکن پولیس بگڑے نوجوانوں کو ابھی تک نکیل ڈالنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ، شہر میں ہوائی فائرنگ کے ایک اور واقعہ کی فوٹیج نائنٹی نیوز نے حاصل کر لی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں بیٹھا نوجوان بلاخوف فائرنگ کرکے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رہا ہے۔ چیئرمین یوسی بہتر ملک ستار کے دفتر کے باہر ہوائی فائرنگ کا واقعہ اکیس جولائی کو رات کے وقت پیش آیا جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والا نوجوان ساندہ کے علاقے کا رہائشی ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے نوٹس لیتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے نوجوان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ ہوائی فائرنگ کے واقعات کوئی نئی بات نہیں چند روز قبل بھی لاہور کی مختلف شاہراہوں شوکت علی روڈ، جیل روڈ اور دھرم پورہ کی سڑکوں پر نوجوان کھلے عام فائرنگ کرتے رہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔