Friday, April 26, 2024

لاہور ہنجروال سے لاپتہ ہونے والی چار بچیاں ساہیوال سے مل گئیں

لاہور ہنجروال سے لاپتہ ہونے والی چار بچیاں ساہیوال سے مل گئیں
August 4, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ہنجروال سے لاپتہ ہونے والی چار بچیاں ساہیوال سے مل گئیں۔ پولیس کے مطابق بچیوں کو جلد لاہور منتقل کر دیا جائے گا۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم لڑکیوں کو لینے ساہیوال روانہ ہو گئی۔ 15 کی کال کے بعد بچیوں کو غلہ منڈی کے علاقے سے بازیاب کروایا گیا۔ چاروں بچیاں تھانہ غلہ منڈی ساہیوال پولیس کی تحویل میں ہیں۔ چاروں بچیاں 30 جولائی کو لاہور سے لاپتہ ہوئی تھیں۔

لاہور پولیس نے عارفوالا سے بھاگ کر لاہور آنے والی بچیوں کو بھی ڈھونڈ نکالا۔ بچیوں کی گمشدگی کا مقدمہ پاکپتن میں درج تھا۔ بچیوں نے بیان دیا کہ چچا کے ڈر سے لاہور آ گئیں۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ بچیوں کو باحفاظت ان کے ورثاء تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بچیوں کی بازیابی کا نوٹس لیا تھا اور ان کی جلد بازیابی کا حکم دیا تھا۔

ادھر لاہور سے اغوا ہونے والی چار بچیوں کی بازیابی کے بعد اہم انکشافات سامنے آئے۔ رکشہ ڈرائیور نے بچیوں کو ورغلا کر ساہیوال منتقل کیا۔ ملزم جرائم پیشہ افراد سے مل کر بچیوں کو غیراخلاقی کاموں کے لیے فروخت کرنا چاہتا تھا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور سمیت چھ ملزم گرفتار کر لئے۔ ہنجروال کی رہائشی چاروں بچیاں تیس جولائی کو گھر سے نکلیں اور لاپتہ ہو گئی تھیں۔