Thursday, March 28, 2024

لاہور ہائیکورٹ کامردم شماری میں خواجہ سراؤں کوشامل کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کامردم شماری میں خواجہ سراؤں کوشامل کرنے کا حکم
January 9, 2017

لاہور (92نیوز) خواجہ سرائوں کی اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی چارہ جوئی رنگ لے آئی۔ وفاقی حکومت نے مردم شماری میں خواجہ سرائوں کی تعداد کا تعین کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے حکومتی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے خواجہ سرائوں کے تحفظ کیلئے شیراز ذکا کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ مارچ میں ہونے والی مردم شماری میں خواجہ سرائوں کی تعداد کا تعین کیا جائے گا۔ 

درخواست گزار وکیل شیزار نے یہ نشاندہی کی کہ اب تک ہونے والی مردم شماری میں خواجہ سرائوں کی تعداد کا تعین نہیں کیا گیا اور اب بھی اندیشہ ہے کہ حکومت مارچ میں ہونیوالی مردم شماری میں بھی خواجہ سرائوں کو شامل نہیں کر رہی۔

درخواست گزار کے مطابق خواجہ سرا بھی اس ملک کے شہری اور معاشرے کا حصہ ہیں اس لیے ان کی تعداد کا بھی تعین کیا جائے۔ وزرات بہبود آبادی کے نمائندے اور حکومتی وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ مردم شماری میں خواجہ سرائوں کو شامل کیا جائے گا۔

وزارت بہبود آبادی کے نمائندے نے بتایا کہ نادرا کو احکامات کر دیے گئے۔ حکومتی یقین دہانی پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے درخواست نمٹا دی۔ حکومتی یقین دہانی کے بعد خواجہ سرائوں نے ایک اور قانونی جنگ جیت لی۔